نیب کو گھربوں لوٹنے والوں سے اربوں لے کر چھوڑنے کا اختیار کس نے دیا،سراج الحق

177

لاہور ( نمائندہ جسارت )امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ نیب حکومتی مفادات کیلئے استعمال ہورہا ہے ۔ حکومت کے خلاف کوئی بیان دیتا ہے تو اگلے ہی دن نیب کا نوٹس اور ہتھکڑیاں اس کی منتظر ہوتی ہیں،نیب کااپنا احتساب ضروری ہے ، نیب پرجتنا خرچ ہورہا ہے ریکوری اس کا عشر عشیر بھی نہیں ۔کھربوں لوٹنے والوں کو چندارب لیکر چھوڑنے کا اختیار نیب کو کس نے دیا ہے ؟۔ پلی بارگین سے لٹیروں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔جمہوریت کی آڑ میں بدترین آمریت مسلط ہے ۔ حکومت کے چہرے سے ہرروز میک اپ اتر رہا ہے ۔حکومت کا ایک دن نہیں سال کے تین سو پینسٹھ دن عوام پر بھاری ہیں ۔ایک سال کے دوران عوام کی فلاح اور خوشحالی کیلئے سینیٹ اورقومی اسمبلی نے کوئی ایک قانون نہیں بنایا۔سابقہ حکومتوں نے بھی عوام پر قرضوں کا ناقابل برداشت بوجھ لادا مگر موجودہ حکومت نے تو ایک سال کے اندر قرضوں کا کوہ ہمالیہ لاد دیا ہے جس سے عوام کی کمردوہری ہوگئی ہے ۔حکومت کی داخلہ ،خارجہ اور معاشی پالیسی ناکامی سے دوچار ہے ۔موجودہ اور سابقہ حکومتوں میں رتی برابر فرق نہیں ۔ ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالا کنڈ میں جلسہ عام سے خطاب اور درگئی میں مدرسہ دارالحدیث کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ عبد الواسع اور ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام اور نالائق ترین حکومت ہے ۔حکومت کی ناکام معاشی پالیسی کی وجہ سے ہر روز نیا بجٹ آرہا ہے ۔تیل اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیاگیا ہے۔حکومت تیل ادھار لیکر کئی گنا قیمت پر بیچ رہی ہے ۔تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نہ رکنے والا سیلاب آئے گا۔انہوں نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے اور پھر بے حس حکمرانوں کو ایوانوں میں بھی پناہ نہیں ملے گی۔حکومت نے روٹی ،جان بچانے والی ادویات اور روزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔تاجر مزدور ،زمیندار اورکسان سب پریشان ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف 25اگست کو پشاور میں عوامی مارچ کرے گی ،یہ عوامی مارچ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے مایوس ہوچکے ہیں ،پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے دس لاکھ سے زائد لوگوں سے روز گار چھین لیا ہے اور پچاس لاکھ گھردینے کی باتیں کرنے والوں نے اب تک ہزاروں گھر مسمار کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ تبدیلی نہیں لاسکتے۔