ایبٹ آباد(جسارت نیوز) آل پاکستان نیشنل جونیئر رینکنگ بیڈ منٹن چیمپئن شپ ایبٹ آبادا سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہو گئی، کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیرالاسلام نے جمعرات کو باضابطہ افتتاح کیا، چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 100 سے زائد ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ پنجا ب، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، آرمی، واپڈا، نیشنل بنک اور حبیب بنک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سید ثقلین شاہ کے مطابق چیمپئن شپ ریجنل اسپورٹس آفس ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایبٹ آباد اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہو رہی ہے جس میں تین مختلف کیٹگریز میں 100 سے زائد گرلز اینڈ بوائز کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ صوبائی بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حاجی امجد خان اور آرگنائزنگ سیکرٹری میاں صداقت شاہ کے مطابق چیمپئن شپ کا مقصد ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں اس کھیل کو فروغ دینا اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے جس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں کیونکہ پاکستان فیڈریشن کی نگرانی میں صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن وقتاً فوقتاً پشاور سمیت صوبہ کے مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ، انٹر ڈسٹرکٹ اور نیشنل سطح کے ایونٹس منعقد کرا رہے ہیں جس کے باعث کافی ٹیلنٹ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔