چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سینیٹ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، چیئرمین سینیٹ نے اپنے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ رائے شماری میں ان کا بھرپور ساتھ دیں۔
اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ایوان میں آج ہونے والے سیاسی دنگل میں مکمل غیر جانبدار رہے گی،عوام پریشان ہیں لیکن حکومت اور اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی میں لگی ہےسیاسی دنگل کے شور میں عوام کو مہنگائی کے سونامی کی نئی قسط ملی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کا اجلاس آج دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے، پہلے چیئرمین سینیٹ اور پھر ڈپٹی چیئرمین کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرکارروائی ہو گی۔