کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو ان کے یومِ پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے یومِ پیدائش کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ ملک و ملت کے لیے بے مثال و تاریخی خدمات پر مادرِ ملت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت قیام پاکستان کی تحریک میں قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں اور قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے قائداعظم کے نظریات کی پاسبانی اور جدوجہد برائے جمہوریت کی قیادت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ ملت ملک کو قائداعظم کے نظریات کے مطابق مساوات پر مبنی جمہوری پاکستان دیکھنا چاہتی تھیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی 5دہائیوں پر محیط جدوجہد درحقیقت قائداعظم کے نظریات کی پیروی اور مادرِ ملت کی جدوجہد کا تسلسل ہے۔