گیس چوروں کے لیے 14 سال سزا کم ہے،قائم مقام چیف جسٹس

328

قائم مقام چیف جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گیس چوروں کو ضمانت نہیں دے سکتے، ملزم پر عائد جرم ثابت ہوگیا تو 14 سال قید کی سزا بنتی ہے جو کہ کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لکی مروت کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔سماعت میں جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ملزم چوری کی گیس سے بجلی بنا کر فروخت کرتاتھا، متعلقہ محکمہ پوچھنے آئے تو پستول تان لیتا تھا اور ملزم کے گھر سے جنریٹر بھی برآمد ہوا۔

وکیل صفائی نے بتایا لکی مروت میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، اتنی لوڈشیڈنگ میں جنریٹر رکھنا سب کی مجبوری ہے، جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا ملزم پورے محلے کو بجلی فروخت کرتا تھا۔

عدالت نے لکی مروت کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی ، قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس میں کہا گیس چوروں کو ضمانت نہیں دے سکتے، ملزم پرعائدجرم ثابت ہوگیا تو14 سال قیدکی سزابنتی ہے ، گیس چوروں کےلیے14سال سزا کم ہے۔