اسد قیصر کی عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

162

اسلام آباد (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کو عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق عرفان صدیقی کی گرفتاری کے معاملے پر وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ نے عرفان صدیقی کی گرفتاری کے معاملے پر حکومتی مؤقف سے آگاہ کیا جبکہ آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کی جانب سے واقعے کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آئی جی اسلام آباد اور وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عرفان صدیقی نظام کے ان نقائص کا شکار ہوئے جن کی درستی کیلیے عمران خان پرعزم ہیں، وزیراعظم نے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔