پشاور ، پیسکو کی کھلی کچھری کا انعقاد، عوام نے شکایات کے انبار لگا دیے

289

 

پشاور (اے پی پی) چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئر ڈ
اکٹر محمد امجد خان کی ہدایت پر صارفین بجلی کے مسائل کو ان کی دہلیز پرحل کرنے کے سلسلے میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ صوبہ بھر میں جاری ہے۔ پیسکو کے مطابق اس سلسلے میں ایک کھلی کچہری ایس ای مردان سرکل شاہ رس خان کی زیرنگرانی مردان II ڈویژن کے علاقے شاہ بازگڑھی میں منعقد ہوئی جس میں دوسو سے زائد افراد نے شرکت کی اور بجلی سے متعلقہ مسائل حل کروائے۔ مسائل میں گیارہ کے وی بالا گڑھی فیڈر سے لوڈ کی شفٹنگ، پرانے کراس آرمز کی تبدیلی، نئے کنکشنوں، اسٹاف کی کمی، پرانی لائنوں کی تبدیلی، خراب میٹروں کی تبدیلی اور زیادہ طاقت کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر لگانے کی درخواستیں موصول ہوئی جن پر موقع پر احکامات جاری کیے گئے۔ اسی طرح ایک کھلی کچہری ایس ای خیبر سرکل کی زیر نگرانی دیہہ بہادر سب ڈویژن کے علاقے احمد خیل میں ہوئی جس میں ممبر قومی اسمبلی ناصر خان موسیٰ زئی نے بھی شرکت کی۔ کھلی کچہری میں فیصلہ کیا گیا کہ نادہندگان بقایاجات میں سے 10 فیصد فوری طور پر ادا کریں گے جبکہ باقی رقم آسان اقساط میں ادا کی جائے گی۔ اسی طرح عوام کنڈے ہٹا کر میٹر لگوائیں گے جس پر علاقے میں لوڈشیڈنگ میں مزید کمی کی جائے گی۔ کھلی کچہری بنوں سرکل کے زیر اہتمام سپرنٹنڈنگ انجینئر بنوں سرکل کی زیر نگرانی ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری ایس ای پشاور سرکل سمیع اللہ بنگش کی زیر نگرانی ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بجلی سے متعلقہ مسائل حل کروائے۔ کھلی کچہری ایس ای ہزارہ 2 سرکل کی زیر نگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسیئن، ڈی سی ایم، ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری ایس ای صوابی سرکل محمد ریاض خان کی زیر نگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسیئن، ایس ڈی او کے علاوہ ناظمین، کونسلرز اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں خراب میٹروں کی فوری تبدیلی، بجلی بلوں کی درستگی، اسٹاف کی کمی، میٹر ریڈروں کی کمی، ٹرانسفارمرز خرابی کا نوٹس نہ لینا، ناروا لوڈشیڈنگ کے بارے میں شکایات کے ازالے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ایک کھلی کچہری ایس ای سوات سرکل کی زیر نگرانی منعقد کی گئی جس میں ایکسیئن سوات 1 ڈویژن، ڈی سی ایم سوات سرکل، ایس ڈی او اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایک کھلی کچہری ایس ای ہزارہ سرکل 1 ایبٹ آباد قاضی محمد طاہر کی زیرنگرانی منعقد ہوئی جس میں ناظمین، کونسلرز، سیاسی وسماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں بجلی کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے گئے۔