سکھر: پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون، 15 ملزمان گرفتار

216

 

سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس کا سماجی برائیوں میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، پولیس کی مختلف کارروائیوں میں منشیات فروش، شرابی جواری، بکی ڈیلرز سمیت 15 ملزمان گرفتار، شراب، منشیات سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا گیا، آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر سوسائٹی کے علاقے میں کارروائی، مضر صحت چھالیہ برآمد، ملزم مہربان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ مینارہ روڈ کے قریب چھاپے کے دوران ملزم افضل کھوکھر گرفتار، مضر صحت چھالیہ و دیگر سامان برآمدکر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سائٹ کی حدود میں کارروائی کے دوران 3 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں مضر صحت چھالیہ، پان پراگ، 121، 81 برآمد، مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں جانو مری، رضا بنگلانی، جان محمد بنگلانی شامل ہیں۔ روہڑی کی حدود کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان گرفتار، مقدمات درج کرلیے گئے، گرفتار ملزمان میں شراب فروش محمد شان پٹھان، منشیات فروش امیر بخش عرف بابر، فاروق علی کورائی، سراج بھٹو، جواریوں میں امداد، امیش، متین عباسی، نریش، عرفان مخدوم شامل ہیں۔ سکھر پولیس نے مقابلے کے بعد موٹرسائیکل چوری سمیت دیگر سنگین نوعیت کی وارداتوں میں مطلوب ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ و مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کے مطابق مقابلہ روہڑی کے قریب قومی شاہراہ پر پٹنی تھانے کی حدود میں پیالہ ہوٹل کے مقام پر ہوا، جہاں پر پولیس کو دیکھ کر مسلح ملزمان نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کی شناخت عبدالجبار شیخ کے نام سے کرلی گئی ہے جو پولیس کو پہلے ہی موٹر سائیکلیں چوری کرنے سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا اور گزشتہ روز بھی اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہر کے ایک علاقے سے شہری کی موٹر سائیکل چوری کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے۔ ایس ایس پی کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں مذکورہ ملزم کو موٹرسائیکل چوری کرتے ہوئے بآسانی دیکھا جاسکتا ہے، زخمی ملزم کو مقامی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کردیا گیا ہے جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔