لاڑکانہ، نیو شہباز کالونی میں گندگی کے ڈھیر، نکاسی آب متاثر

165

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کی نیو شہباز کالونی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور گندا پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مبینہ طور پر یونین کمیٹی کے فنڈز خورد برد کیے جانے پر علاقے میں تاحال ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نیو شہباز کالونی سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں اور علاقہ مکینوں نصیر محمد کھاوڑ، محمد شریف مغیری، ضمیر جاگیرانی، خان سومرو، عبدالرزاق جمالی، پپن میرانی اور دیگر کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے نیو شہباز کالونی کے ہر گلی اور روڈ پر گندگی کے ڈھیر موجود ہیں جبکہ گٹر کا گندا پانی تالاب کی صورت میں جمع ہے، متعدد بار یوسی چیئرمین ظفر شاہ کو شکایت کرچکے تاہم ان کی جانب سے مسائل حل نہیں کیے جارہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یوسی چیئرمین ظفر شاہ نے ترقیاتی کاموں کی مد میں آئے فنڈز میں خورد برد کرکے علاقہ مکینوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے جس کے باعث علاقے کے مرد، خواتین اور بچوں کو آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ گندگی کا خاتمہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جلد سے جلد آغاز کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کیا راستہ اختیار کریں گے۔