شریف برادران سمیت زرداری کی سیاست ختم ہوگئی‘شیخ رشید

212

لاہور‘راولپنڈی(آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شریف برادران سمیت آصف زرداری کی سیاست ختم ہوگئی ہے ،اگر ان پارٹیوں کو سیاسی کردار ادا کرنا ہے تو پھر قیادت کو بدلیں، یہ تھکی ہوئی کرپٹ قیادت عوام کو قبول نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہے اور آج شریف فیملی کے بُرے دن ہیں، وہ امتحان سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو کچھ دیرکے لیے سمجھ آتی ہے لیکن پھر سوئی وہیں پر اٹک جاتی ہے، شریف برادران اورآصف زرداری کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ، موجودہ حالات میںان سیاستدانوں کی کوئی گنجائش ہے،اگر ان پارٹیوں کی قیادت کوئی اور سنبھال لے توپھر کچھ نہیں کہہ سکتا۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے، وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک انداز میں مسئلہ کشمیر ،افغانستان میں مفاہمتی عمل سمیت خطے کے تنازعات کے حل سے متعلق اپنا ٹھوس موقف امریکی صدر کے سامنے رکھا ہے، عمران خان کے دورہ امریکا سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ فوٹو فنش میں جیت جائے گا، اپوزیشن کے احتجاج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا شومیری توقعات سے بہت کم تھا، ایسا شو تو ہرجگہ کوئی بھی کرسکتا ہے۔