امریکا میں کہی عمران کی ہر بات نے نوازشریف کو سرخرو کیا،مریم اورنگزیب

531

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران سے قدرت نے ہر وہ بات کہلوائی جس پر انہوں نے نواز شریف کو غدار کہاتھا،وزیراعظم کے امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کے نکات کی مذمت کرتے ہوئے کہا قدرت نے آپ سے ہر وہ بات کہلوائی جس پر آپ نے نواز شریف کو غدار کہا۔ عمران صاحب نواز شریف کی حکومت میں آپ کے ہنڈی سے پیسے منگوانے کے اعلانات براہِ راست چلے، گیس اور بجلی کے بل جلانے اور سول نافرمانی کے اعلان براہِ راست نشر ہوئے، منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ دو، پارلیمنٹ اور سرکاری میڈیا پر حملہ بھی براہ راست نشر ہوا۔ آپ نے تسلیم کرلیا کہ بے قابو میڈیا کو آپ کی حکومت واچ ڈاگ کے ذریعے ’’کنٹرول‘‘ کررہی ہے۔ آزاد میڈیا کا سب سے زیادہ فائدہ آپ کو ہوا اور اسی میڈیا پرآپ نے ’کرپٹ‘ اور ’مافیا‘ کا الزام لگایا۔ مافیا وہ ہے جو جج کو وڈیو سے بلیک میل کرکے اپنی مرضی کے فیصلے لے۔ مافیا چندوں سے بیرون ملک جائدادیں خریدتا، ایمنسٹی اسکیمز سے فائدہ اٹھاتا، 18 جعلی اکاونٹس چھپاتا ہے۔ مافیا وہ ہے کمزوروں کے گھر گراتا اور اپنا گھر ریگولرائز کرالیتا ہے، منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرتا اور دوست ممالک پر الزام لگاتا ہے۔ مافیا وہ ہوتا ہے جو ہر مخالف آواز کو بند کرتا ہے۔ عمران صاحب مافیا وہ ہے جس نے عوام کی روٹی ، کاروبار، اور روزگار بند کر دیا ہے۔