سکھر،سیپکو نے فیڈر کی مرمت کی آڑ میں طویل لوڈ شیڈنگ کو معمول بنالیا

201

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو نے ایک لاکھ کی آبادی والے جڑواں شہر روہڑی کے صارفین کو عذاب میں مبتلا کردیا، فیڈر کی مرمت کی آڑ میں روزانہ 8 سے 10 گھنٹے بجلی بند رکھنا معمول بن گیا، ایکسپریس فیڈر بھی گھنٹوں بند رہنے لگا، اسپتالوں میں زیر علاج مریض اور اسکولوں کے طالبعلم سخت ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا، شدید گرمی اور حبس بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو نڈھال کرڈالا، سیپکو انتظامیہ صارفین کے بلوں پر ہر ماہ لاکھوں روپے کے ڈیڈکشن لگانے میں مصروف، بجلی چوری کروانے والے ملازمین کیخلاف کوئی قدم اٹھایا نہیں جاسکا۔ شہر روہڑی میں سیپکو انتظامیہ کی عجیب و غریب قسم کی پالیسی نے روہڑی شہر اور ملحقہ علاقوںکے تقریباً ایک لاکھ صارفین کو گزشتہ کئی ہفتوں سے سخت ذہنی و جسمانی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اور روہڑی شہر کے زیادہ تر فیڈر گرڈ اسٹیشن کی مرمت کے نام پر آٹھ سے دس گھنٹوں تک بند رکھنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ اس صورتحال میں روہڑی کے سیپکو صارفین کے معمولات زندگی شدید متاثر ہونے کے علاوہ تنگ گلیوں والے اس شہر میں رہائش پذیر بچے، بوڑھے اور خواتین سخت کوفت میں مبتلا ہیں۔ بجلی مسلسل بند ہونے کی وجہ سے روہڑی شہر کے اسپتالوں میں زیر علاج مریض صحتیاب ہونے کے بجائے مزید بیمار ہوکر موت کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ دوسری جانب اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات تدریسی عمل پر توجہ دینے کے بجائے دن بھر خود کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف تدابیر اختیار کرتے نظر آتے ہیں۔ واضح رہے کہ سیپکو انتظامیہ نے روہڑی شہر میں حاجن شاہ فیڈر کو ایکسپریس فیڈر قرار دے کر اس پر بجلی بند نہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔ تاہم یہ سب اعلانات اور دعوے دھرے کے دھرے ہیں بلکہ سیپکو انتظامیہ نے روہڑی میں صارفین کو سزا دینے کے لیے ان پر ڈیڈکشن بلوں کی بھی بھرمار کر رکھی ہے۔ جس کی شنوائی نہ کرنے کی سیپکو انتظامیہ نے قسم اٹھا رکھی ہے۔ علاوہ ازیں سیپکو روہڑی کے بجلی چوری کروانے والے اہلکاروں کیخلاف گرمیاں شروع ہونے سے قبل چیف ایگزیکٹو سیپکو کی جانب سے کیے گئے بڑے بڑے دعووں کے باوجود کوئی ایکشن تاحال نہیں ہوسکا اور سیپکو روہڑی کے کرپٹ اہلکار تاحال تین سے پانچ ہزار روپے مہینے پر کنڈا سسٹم کے ذریعے ائر کنڈیشنڈ چلوانے میں مصروف ہیں، جس کا خمیازہ باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین ڈیڈکشن بلوں کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔ روہڑی شہر میں مجموعی طور پر چیف ایگزیکٹو سیپکو کی ساری حکمت عملی ناکام ہوچکی ہے اور آئے دن گرڈ اسٹیشن کی مرمت کے نام پر آٹھ سے دس گھنٹے بجلی بند رکھنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سیپکو روہڑی اپنی مسلسل ناکامی، کوتاہیوں اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے بجلی چوری کے معاملات کی پردہ پوشی کرنے کے لیے آٹھ سے دس گھنٹے روزانہ گرڈ اسٹیشن ہی بند کردیتی ہے۔ روہڑی شہر اور نواحی علاقوں کے ایک لاکھ سے زائد صارفین نے وزیر اعظم عمران خان، نیب کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ سیپکو روہڑی پر مسلط سابقہ اور حالیہ ایس ڈی اوز، لائن سپرنٹنڈنٹ، لائن مین اور میٹر ریڈرز کے اثاثوں کی انکوائریاں کرکے انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ سیپکو کو پہنچائے جانے والے نقصان کی ان سے وصولیاں کی جائیں۔