گھوٹکی/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ اے پی پی) گھوٹکی کی اہم ترین قومی اسمبلی کی سیٹ NA.205 پر ضمنی انتخاب آج ہوگا، 3 لاکھ 60 ہزار 875 افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، پولنگ صبح 8 تا شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ضلع گھوٹکی 2 کی اس سیٹ پر سیاسی معرکہ سر کرنے کیلیے 2 اہم ترین امیدوار پی پی پی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر (ماموں اور بھانجا)مد مقابل اور ایک دوسرے کو ’’شکست‘‘ دینے کیلیے کوشاں ہیں۔ یہ نشست سابق وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ اس حلقے میں مرد ووٹروں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 980 جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 895 ہے۔ ضلع گھوٹکی 2 اور ملک کیلیے سیاسی طور پر اس اہم ترین ضمنی انتخاب پر پی پی پی سندھ کی پوری صوبائی حکومت اور پردہ اور درپردہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت اور ملک بھر کے سیاسی حلقوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں، انتخاب کے انعقاد کیلیے کل 290 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 165 حساس اور 125 حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔ انتخاب کے پر امن انعقاد کے لیے 5155 فوج، رینجر اور پولیس کے افسران اور جوان ہائی الرٹ کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے انتخاب کے ابتدائی نتائج کے حصول کیلیے مرکزی سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کنٹرول روم پر صبح 8 تا شام 6 بجے تک رضوانہ لطیف سمیت 4 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ شام 6 بجے سے نتائج کی تکمیل تک کیلیے بھی 4 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے۔