سکھر بیراج سے مسلسل لاشوں کا ملنا باعث تشویش ہے،جاوید میمن

221

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے سکھر بیراج سے مسلسل لاوارث لاشوں کے ملنے اور گزشتہ 2 روز سے کوئنس روڈ پلازہ سے لاپتا 6 معصوم بچوں کا سراغ نہ لگانے پر انتہائی حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں بیراج کے مقام پر روزانہ کی بنیاد پر لاشوں کا ملنا معمول بنتا جارہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس چوکیاں قائم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاپتا بچوںکی تلاش کے لیے دریا کنارے موجود والدین سے اظہار ہمدردی کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غلام مصطفی پھلپوٹو، رضوان قادری و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دریائے سندھ پر باقاعدہ غوطہ خور تعینات تھے جو کسی بھی واقعہ کے رونما ہونے کی صورت میں فوری طور پر قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بناتے تھے اور لاشوں کو نکالنے میں معاونت کرتے تھے لیکن انتظامیہ کی جانب سے انہیں تنخواہیں فراہم نہ کرنے کے باعث غوطہ خوروں نے اپنی ذمے داریاں انجام دینا چھوڑ دی ہیں، جس کے باعث اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، میئر اور پولیس سنجیدگی سے اقدامات اٹھاتے ہوئے فوری طور پر دریا کے کنارے اہم تفریحی مقامات پر پولیس چوکیاں قائم کر کے باقاعدہ تربیت یافتہ عملہ (خوطہ خور) تعینات کریں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے گمشدہ بچوں کے والدین سے بھی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم دکھ اورمشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔