بھارت کی موجودگی ختم کردی، مسئلہ افغانستان جلد حل ہو جائیگا، شیخ رشید

135

راولپنڈی (آن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کی درخواست پر بھارت کیلیے فضائی حدود کھولی گئی، افغانستان کا مسئلہ بھی حل ہونے جارہا ہے، حکومت اور عسکری قیادت نے افغانستان میں بھارت کی 70 برس سے موجودگی کو ختم کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گرفتار رہنماؤں کو جیل میں مشقتی، اے سی اور ٹیلی ویژن کی سہولیات میسر ہیں، ایسے لوگوں کو میانوالی جیل بھیجنا چاہیے۔ میں نے عمران خان سے کہا کہ ان لوگوں سے کچھ پیسے لو اور ان کو جانے
دو لیکن وزیراعظم نے کہا کہ میں ان کو نہیں جانے دے سکتا، وزیراعظم نے مجھ سے کہا کہ تم کمزور ہوگئے ہو لیکن میں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے، یہ لوگ پیسے نہیں دیں گے تاہم آصف زرداری پیسے دے سکتے ہیں۔ اسلامی ملک کے سربراہ نے وزیراعظم سے کہا کہ ہم آپ کو مزید کچھ پیسے دیتے ہیں آپ قید رہنما کو جانے دیں لیکن عمران خان نے انکار کر دیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف تحریری طور پر 5 روپے دینے کو بھی تیار نہیں ہیں۔ نیب کو اختیار ہے کہ وہ مجھ سے پوچھ سکتی ہے کہ میں نے یہ 38 ٹرینیں کیوں چلائیں اگر یہ ٹرینیں عوام کے مفاد میں نہیں ہیں تو نیب مجھ سے پوچھ گچھ کا اختیار رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کیلیے مقابلہ سخت ہوگا اگر وہ تبدیل بھی ہو جائیں تو بعد میں تحریک انصاف کی اکثریت کی صورت میں دوبارہ نیا چیئرمین سینیٹ آجائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ شوگر مافیا نے مجھے دھمکی دی کہ ہم تماری سیاست خم کر دیں گے۔
شیخ رشید