پاکستان میں منصوبے کے تحت قادیانیوں کے لیے ماحول بنایا جارہا ہے،سراج الحق

314

راولپنڈی( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم قوم کو بتائیں کہ وہ کیا ایجنڈالے کر امریکا جارہے ہیں۔ ان کا ایجنڈا افغانستان سے امریکی افواج کی بحفاظت واپسی کا ہے یا قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا،3 پاکستانیوں کا قاتل ریمنڈ ڈیوس پورے پروٹوکول کے ساتھ امریکا جاسکتا ہے تو ایک معصوم حافظ قرآن بیٹی واپس پاکستان کیوں نہیں آسکتی ؟ ٹرمپ کے ساتھ قادیانی مبلغ کی ملاقات حادثاتی نہیں، اس کے پیچھے پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے ،پاکستان میں قادیانیوں کے لیے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک ماحول بنایا جارہا ہے، حکومت لوگوں کے دینی جذبات اورشعائر اسلام سے کھیلنا بند کرے ،غریب عوام گھروں سے نکل آئے تو حکمرانوں کو ایوانوں میں بھی پناہ نہیں ملے گی،حکمران تعلیم ،صحت اور
ریسرچ کے ادارے بنانے کے بجائے سینما گھر بنانے کے لیے فکر مند ہیں ،ایوان میں موجود اپوزیشن ہی نہیں حکمرانوں کو عوام بھی سلیکٹڈ کہہ رہے ہیں،موجودہ حکومت میں مشرف اور سابق حکومتوں کے لوگ ہیں ،حکومت اسٹیٹس کو ،ختم کرنے کے بجائے اس کے تحفظ میں لگی ہوئی ہے ،حکومت کو لانے اور سپورٹ کرنے والے سب پریشان ہیںاور اب ان کی توقعات اور امیدیں بھی دم توڑ چکی ہیں،حکومت ایک سال گزرنے کے باجوداپنے قدموں پر چلنے کو تیار نہیں، جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہا رانہوں نے راولپنڈی میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عوامی مارچ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ،امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم،جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل اور شمس الرحمن سواتی ،راجا جواد، سید عارف شیرازی ،عتیق عباسی ،نصراللہ رندھاوا نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ جھوٹے لوگوں کی حکومت ہے جو عوام سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے ۔وزیر اعظم کہتے تھے کہ جب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھ جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ حکمران چور ہے ۔آج عوام ٹیکسوں کے کوہ ہمالیہ اور مہنگائی کے پہاڑ کے نیچے دب چکے ہیں ۔حکومت ڈنڈھورا پیٹتی ہے کہ عوام ٹیکس چور ہیں ،عوام نہیں حکمران چور ہیں جو عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کے مطالبے پورے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی ظالم جاگیر دار یا کرپٹ سرمایہ دار کا نہیں ،یہ 22کروڑ غیرت مند پاکستانیوں کا ملک ہے ،جاگیر دار، وڈیرے اور سرمایہ دار تو ملک کو لوٹ کر باہر بھاگ جاتے ہیں مگر ہمار اتو جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ۔پاکستان ہمارے لیے ماں کی گود اور جنت ہے ۔اس لیے پاکستان کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لیے آخری حد تک جائے گی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے شام 5 بجے کے بعد قبرستانوں میں داخلے پر پابندی لگادی ہے ، حکمران کہتے ہیں کہ جس نے بھی اپنا مردہ دفن کرنا ہے وہ صبح9 بجے سے شام5 بجے تک کرے ۔خیبر پختونخوا حکومت اسمبلی میںبل لائی ہے کہ 18 سال سے ایک دن بھی کم عمر والا نوجوان شادی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے دینی جذبات سے کھیل رہی ہے ،یہ کھیل حکمرانوں کو بہت مہنگا پڑے گا ۔ پاکستان کے عوام مہنگائی ،بے روز گاری اور غربت تو برداشت کرسکتے ہیں مگر بے دینی مسلط کرنے کی کوئی سازش برداشت نہیں کریں گے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے کہا کہ لاڑکانہ اورجاتی امرا کے حکمرانوں کے بعد عوام نے بنی گالا کو بھی آزمالیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ۔ عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے کامیاب عوامی مارچ نے عوام کے اندر ایک اعتماد پیدا کردیا ہے ،عوام آخری دھرنا اسلام آباد میںاقتدار کے ایوانوں کے سامنے دیں گے اور نااہل حکمرانوں کو گھر بجھوا کر مہنگائی ،بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیں گے ۔امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب میںکہا کہ عوام بے لاگ احتساب چاہتے ہیں ۔عمران خان نے کہا تھا کہ میں بیٹنگ آرڈر بدل دوںگا مگر ٹرین کے درجنوں حادثات کے باوجود انہوں نے نام نہاد فرزند پاکستان وزیر ریلوے کو تو بدلا نہیں ۔
سراج الحق

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کررہے ہیں