مودی سرکار کی کھیلوں میںمداخلت ،پاکستانی کھلاڑی ٹیبل ٹینس ایونٹ سے باہر

195

کٹک ( جسارت نیوز) پاکستانی کھلاڑی ویزا مسائل کی وجہ سے بھارت میں شیڈول 21 ویں کامن ویلتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ویزا مسائل کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بھارت میں شیڈول 21 ویں کامن ویلتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ سے دستبردار ہوئی جس کے بعد اب چیمپئن شپ میں میزبان بھارت کے ساتھ آسٹریلیا، بنگلا دیش، قبرص، انگلینڈ، ملائیشیا، سری لنکا، نائیجیریا،ا سکاٹ لینڈ، جنوبی افریقا، سنگاپور اور ویلز کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔یاد رہے کہ14فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملے میں40فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین حالات بے انتہا خراب ہوگئے تھے اور 26فروری کی رات کو بھارتی طیارو ں نے آزاد کشمیر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم پاک فضائیہ کی بروقت مداخلت پر وہ اپنا پے لوڈ چھوڑ پر واپس بھاگ گئے، 27فروری کو پاکستان نے دو بھارتی مگ21لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی قیدی بنا لیا تاہم بعد میں اسے چھوڑ دیا گیا۔اس کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستانی ایتھلیٹس کو اپنے ملک میں ہونے والے ٹورنامنٹس کے لیے ویزے دینے میں مشکلات کھڑی کی جانے لگیں جس کے بعد پاکستان اولمپک کمیٹی نے آئی او سی کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا جس کی جانب سے بھارتی اولمپک کمیٹی کو سخت تنبیہ کیے جانے کے بعد بھارتی حکومت کے ہوش بھی ٹھکانے آگئے اور بھارتی حکومت نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن ( آئی او اے ) اور ورلڈ باڈی انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کو تحریری ضمانت دی کہ وہ انٹرنیشنل ایونٹس میں کوالیفائی کرنیوالے ایتھلیٹس کو بھارت آنے کے لیے ویزے دینے کا پابند ہوگا، اسطرح پاکستانی ایتھلیٹس کے بھارت میں شیڈول ایونٹ میں شرکت کا راستہ بھی صاف ہوگیا، بھارتی حکومت نے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کو لکھ کر دیا کہ اب سیاست نہیں کریں گے اور بھارت میں ہونے والے ایونٹس میں ایتھلیٹس کو بلا تفریق ویزا دیں گے۔