گھوٹکی میں ضمنی الیکشن ملتوی بلاول مراد علی شاہ و دیگر کو نوٹس

233

سکھر، کراچی (نمائندہ جسارت، آئی این پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 205 گھوٹکی میں 18 جولائی کو ہونے والا ضمنی الیکشن 5 دن کے لیے ملتوی کردیا۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 205 میں ضمنی انتخاب 18 کی بجائے 23 جولائی کو ہوں گے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق متعلقہ حلقے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کا کیس سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت تھا۔این اے 205 گھوٹکی میں انتخاب 18 جولائی کو شیڈول تھے تاہم سندھ ہائیکورٹ نے 16 جولائی تک الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز چھاپنے سے روک رکھا تھا۔ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کی جانب سے کیس کا فیصلہ آنے کے بعد ایک روز میں بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور رسائی ممکن نہیں تھی۔خیال رہے کہ این اے 205 کی نشست 21 مئی کو وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد خان مہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔گھوٹکی کے ضمنی انتخابات ملتوی ہونے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ خدشہ تھا کہ این اے 205 پر ضمنی انتخاب ملتوی کیے جائیں گے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے اور وہ شکست کے خوف سے انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔ترجمان پیپلزپارٹی نے کہا کہ 5 دن کے لیے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ حیران کن ہے، بتایا جائے کہ پانچ دن کے اندر ایسا کیا ہو جائے گا کہ انتخابات ملتوی کیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی ہونے کے خدشے کے پیش نظر پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا تھا۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاقی حکومت پیپلزپارٹی کو امیدوار کو نااہل کروا کر اپنا حمایت یافتہ امیدوار جتوانا چاہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالف امیداور کو نااہل کرواکر ہی انتخاب جیتنا ہے تو انتخابات کروانے کی ضرورت ہی کیا ہے، ہمارے امیداور کے کاغذات مسترد نہ کیے گئے تو پانچ دن بعد بھی وفاقی حکومت کو شکست ہوگی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کو انتخابات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ بلاول کو نوٹس الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے جاری کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور سابق صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ کے علاوہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے )کے رہنما سردار علی گوہر مہر کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 205 گھوٹکی میں ضمنی انتخابات کا وقت ختم ہونے کے باوجود پیپلز پارٹی رہنمائوں نے الیکشن مہم جاری رکھی۔ دریں اثناء سندھ ہائی کورٹ نے این اے 205 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد بخش مہر کی نااہلی سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پیپلزپارٹی امیدوار کے خلاف دائر درخواست خارج کر کے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے این اے 205 گھوٹکی پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش خان مہر کی نااہلی سے متعلق 11 جولائی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا جس میں ان کے خلاف گھوٹکی کے مکین ایک شخص شبراتی مہر کی جانب سے دائر کردہ نااہلی کی درخواست خارج کر دی بلکہ تمام امیدواروں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔