بھارت نے چند ضمیر فروش خرید کر بلوچوں کو بدنام کیا،کوئٹہ تا سبی ریلی

243

کوئٹہ (خصوصی رپورٹ) پاکستان بلوچ یونٹی کے وائس چیئرمین میر خدا بخش مری کی زیر قیادت کوئٹہ سے سبی تک سیکڑوں گاڑیوں پر مشتمل پاکستان زندہ باد، بھارت مردہ باد، خالصتان زندہ باد ریلی نکالی گئی ،بڑ ی تعداد میں بلوچ رہنماؤں اور ہزاروں افراد کی شرکت۔ ریلی سبی کے لیے روانہ ہوئی تو راستے میںعوام نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے پاکستان، زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے،ریلی سبی پہنچی تومقامی لوگوں نے میر خدا بخش مری اور ریلی کے شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا۔ریلی کے اختتام پرپاکستان بلوچ یونٹی کے مرکزی چیئر مین ڈاکٹر جمعہ خان مری نے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ پاکستان بلوچ یونٹی کے وائس چیئرمین میر خدا بخش مری اور ان کی پوری ٹیم کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ایک بار پھر بھارت کے پروپیگنڈے کو رد کرتے ہوئے تحریک خالصتان کی بھرپور حمایت کاشاندار عملی مظاہرہ کرکے بلوچ اقوام کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے ۔ میر خدا بخش مری نے مسنگ پرسنز کے ایشو کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ریاستی اداروں کیخلاف پراپیگنڈہ کرنیوالے بھارت نواز بی ایل اے کے لیڈران براہمداغ بگٹی اور ہربیار مری سفاک قاتل ہیں جنہوں نے ذاتی مفادات کے لیے معصوم بلوچ قتل کروائے،بھارت کی خوشنودی کے لیے پاکستان اور پاک فوج کیخلاف نوجوان کو گمراہ کرنے کی سازش کی جوناکام ہوچکی ہے ، شاندار ریلی نے ثابت کردیا ہے بلوچ کل بھی سچے پاکستانی تھے اورآج بھی ہیں، ہمارے دل پاک فوج کیساتھ دھڑکتے ہیںاور ہم خالصتان تحریک کی بھر پور حمایت کرتے ہیں ۔ خالصتان موومنٹ ٹوینٹی ٹوینٹی کے سربراہ سردار پرمجیت سنگھ پما نے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے خالصتان تحریک کے حق میں ریلی نکالنے پرپوری بلوچ قوم کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے چند ضمیر فروشوں کو خرید کر پوری بلوچ قوم کو بد نام کیا ، بلوچ قوم نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ بھارت کیخلاف اور تحریک خالصتان کیساتھ کھڑے ہیں ،بھارتی ایجنٹوں کو بھی اعلانیہ طور پر مسترد کردیا ہے۔