نوے روز میں بڑے بڑے لوگ انجام کو پہنچیں گے،شیخ رشید کا دعویٰ

517

راولپنڈی(مانیٹر نگ ڈ یسک +صباح نیوز)وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ نوے روز میں بڑے بڑے لوگ انجام کو پہنچیں گے، مریم نواز نے پہلے بھی( ن)لیگ کو مروایااور ذمے داری سے کہتا ہوں کہ آگے مزید مروا دے گی، میرے ضمیر پر ابھی کوئی بوجھ نہیں اس لیے وزارت سے مستعفی نہیں ہو رہا۔پیر کو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جس آدمی نے گاجریں کھائیں اس کے پیٹ میں درد ہے، ہم نے نئی ٹرین چلائیں اس پر فخر ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ نئے انجنوں میں سے اس وقت 28 انجن کھڑے ہیں لیکن کسی کا پردہ فاش نہیں کرنا چاہتا۔اپوزیشن کی جانب سے استعفے کے مطالبے پر وزیر ریلوے نے کہا کہ میرے ضمیر پر ابھی بوجھ نہیں اس لیے استعفا نہیں دے رہا۔ (ن) لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف پوری کوشش میں ہے کہ ان کی اور حمزہ کی بچت ہو جائے لیکن وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دے دیا ہے۔مریم نواز کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ اللہ کی طرف سے( ن) لیگ پکڑ میں ہے اور مریم نواز وڈیو وڈیو کھیل رہی ہیں، مریم نے پہلے بھی (ن)لیگ کو مروایا اور ذمے داری سے کہتا ہوں کہ آگے مزید مروا دے گی۔پیش گوئی درست ہونے سے متعلق صحافی کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ سوال آپ کا حق ہے اور جواب نہ دینا میرا اختیار ہے۔
شیخ رشید