اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک+آن لائن+صباح نیوز)احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاوَنٹس کیس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔ نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار آصف زرداری کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر اور وکلائے صفائی کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ آصف
زرداری کو 29 جولائی کو دوبارہ پیش کیا جائے۔دوران سماعت عدالت نے آصف زرداری کی ان کے بچوں سے ملاقات کی استدعا بھی منظور کرلی۔عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران آصف زرداری نے شہباز شریف پر برطانوی امدادی رقم میں کرپشن کے حوالے سے کہا کہ غیر ملکی امداد اسٹیٹ بینک میں آتی ہے،یہ براہ راست کسی کے پاس نہیں آسکتی۔صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب آپ نے بھی ناصر بٹ کی خدمات لی ہیں یا نہیں،جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ایسا کام ہم نہیں کرتے۔علاوہ ازیںاسی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس میں فلاحی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں شریک ملزم سابق صدرپاکستان آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی حسین سید، متانت علی اور دیگر کے خلاف دائر ریفرنس پر سماعت کے دوران9 میں سے 7 ملزمان سمیع الدین،متانت علی، سیدظفرہاشمی،حسین سید، سیدجمیل احمداورعبدالرشید عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی طرف سے پراسیکیوٹرسہیل عارف اور تفتیشی افسر مستنصر حسین عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ شریک ملزم نجم الزمان کو جیل سے عدالت لایاگیا۔اس موقع پرعدالت نے استفسارکیاکہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی کے خلاف کیا کاروائی کی ہے،جس سے متعلق جواب پرعدالت نے تفتیشی افسر مستنصر حسین کو یونس قدوائی سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیاجبکہ عبدالغنی مجید کی عدم حاضری پر عدالت نے ملزم کے خلاف نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی گئی جب کہ احتساب عدالت نے نیب کی زیرحراست سندھ بینک کے3 اعلیٰ افسران بلال شیخ،طارق احسن اور ندیم الطاف کو10روزہ جسمانی ریمانڈپرنیب کے حوالے کردیا۔چ گزشتہ روزنیب حکام نے ملزمان کوعدالت پیش کیا۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے بلال شیخ کوان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دیدی اورتینوں ملزمان کو10روزہ جسمانی ریمانڈپرنیب کے حوالے کرنے کاحکم سنادیا۔دوسری جانب اسلام آبادہائی کورٹ نے وفاقی وزارت قانون وانصاف کواحتساب عدالت نمبر 2 میں قائم مقام جج کی تعیناتی کی سفارش کرتے ہوئے احتساب عدالت نمبر1کے جج محمدبشیرکوعدالت نمبر2کابھی اضافی چارج دے دیا ہے۔
آصف زرداری ریمانڈ