بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) ریونیو کھاتے کے ملازمین نے بااثرقبضہ مافیا سے ملکر ہماری زمین کے جعلی کھاتے بناکرزمین ان کے نام کردی جبکہ وہ ہمیں ہراسا ںاور جھوٹے مقدمات میں پھسانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اسکول کی عمارت پر بھی قبضہ کیا ہوا ہے، محمد عرس شاہانی کی پریس کانفرنس۔ بھٹ شاہ کے نزدیک گائوں مرزو شاہانی کے رہائشی محمد عرس شاہانی نے بھٹ شاہ پریس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ میں زمیندار عامر الطاف میمن سے 8 ایکڑ 24 گھنٹی زرعی زمین خریدی تھی جو کہ ہمارے گزر بسر کا واحد ذریعہ ہے، اب گائوں کے رہائشی قبضہ مافیا گروپ کے علی حسن شاہانی بااثر افراد کی مدد سے ہماری زرعی زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے تپیدار دیدار خاصخیلی کے ساتھ ملکر ہماری زرعی زمین کے جعلی کھاتے بناکر دوسرے افراد کے نام پر منتقل کردی ہے۔ زمین پر قبضے کے لیے جرائم پیشہ افراد کے ذریعے ہمیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے اور کئی مرتبہ گائوں پر فائرنگ بھی کروائی ہے جس کی وجہ سے پورے گائوں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ قبضہ مافیا گروپ کے علی حسن شاہانی نے گائوں میں موجود اسکول پر بھی قبضہ کر کے اوطاق بنا رکھی ہے۔ اسکول بند ہونے کی وجہ سے بچوں کا مستقبل بھی تباہ ہورہا ہے، کئی مرتبہ اسلحہ کے زور پر تیار فصل بھی اٹھاکر لے گئے ہیں۔ قبضہ مافیا کو بااثر افراد کی حمایت حاصل ہے، جس سے ہمیں شدید جانی و مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی حسن شاہانی نے ریونیو کھاتے کے تپیدار دیدار خاصخیلی سے ملکر ہماری زمین کا جعلی کھاتہ بنایا ہے جس میں خود بھی گواہ ہے، اس کے علاوہ ذمے دار بابو ابرار میمن کی زرعی زمین کے بھی جعلی کھاتے بناکر زمین کو فروخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی، صوبائی وزیر ریونیو، کمشنر حیدر آباد، آر پی او حیدر آباد، ڈی آئی جی حیدر آباد، ایس ایس پی مٹیاری، ڈپٹی کمشنر مٹیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر قبضہ مافیا جرائم پیشہ افراد کارروائی کرکے زرعی زمینوں کے جعلی کھاتے بنانے کی انکوائری کرکے ہمیں انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔