نوابشاہ (نمائندہ جسارت) کمشنر بے نظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ نے کہا ہے کہ صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول کے ساتھ ساتھ موسمی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے درختوں کا اہم کردار ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے کمشنر آفس کے احاطے میں ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر کے ہمراہ پودا لگا کر مون سون کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے افسران و عملے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کمشنر نے مزید کہا کہ پودوں کے انسانی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لیے ہر شہری اپنے حصے کا فرض نبھائے اور ایک پودا ضرور لگائے کیونکہ پودا لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے۔ کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے دفاتر، سرکاری اسکولوں وکالجز، اسپتالوں وسڑکوں کے کناروں پر پودے لگائیں اور ان کی بہتر دیکھ بھال کریں۔ اس موقع پر کنزرویٹر فاریسٹ سرکل بے نظیر آباد گل حسن داؤد پوتا نے بتایا کہ مون سون کی شجرکاری مہم کے دوران ضلع بے نظیرآباد میں ایک لاکھ 50 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ مہم کے دوران سرکاری محکموں، سماجی تنظیموں کے تعاون سے دفتروں، اسکولوں، کالجز اور سڑکوں کے کناروں پودے لگانے کے ساتھ ساتھ روہڑی کینال، گجر واہ اور دیگر نہروں کے کناروں پر پودے لگائے جائیں گے۔ گل حسن داؤد پوتا نے مزید بتایا کہ عوام کی سہولیات کے لیے محکمہ فاریسٹ کی نرسریوں سے فی پودا 2 روپے رعایتی نرخوں پر موجود ہے جبکہ محکمے کی نرسریوں میں پانچ لاکھ پودے موجود ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر، ایڈیشنل کمشنر وسیم حامد، کنزرویٹر فاریسٹ گل حسن داؤد پوتا، ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر سوشل فاریسٹری عبدالفتاح کھوسو، ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر گل جونیجو، ڈپٹی ڈائریکٹر غلام عباس گوراہو، انفارمیشن افسر شیر محمد جمالی ودیگر افسران نے بھی پودے لگائے۔