گھوٹکی میں ضمنی انتخاب مؤخر نہ کیے جائیں، پی پی کا چیف جسٹس کو خط

153

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں انتخابات مؤخر کیے جانے کی مخالفت کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی
انتخاب مؤخر کرنے کیلیے ای سی پی کو درخواست دے دی ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے اس سلسلے میں چیف جسٹس کو خط لکھ دیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گھوٹکی میں اسکروٹنی کے بعد پی پی امیدوار کے کاغذات منظور ہوئے ہیں، کاغذات منظوری کے ساتھ ہی مقامی انتظامیہ پر دبائو ڈالا جا رہا ہے اور گھوٹکی کے 2 مختار کاروں کو جبری لاپتا کر دیا گیا ہے۔ مختار کاروں کو لاپتا کرنے کی ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔ الیکشن ٹریبونل این اے 205 میں درخواست کو خارج کر چکا ہے، پی پی امیدوار کے خلاف جعلی دستاویزات تیار کرائی جا رہی ہیں، پی پی امیدوار کے خلاف سماعت ہوئی اور اب فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ پی پی نے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ محفوظ فیصلہ انتخابات سے بالکل پہلے سنانے پر چیلنج کرنے کا وقت نہیں ہوگا، فیصلے کو بنیاد بنا کر انتخابات کو مؤخر بھی کیا جا سکتا ہے جو ہم نہیں چاہتے۔