عدم اعتماد کی تحریک پر سینیٹ کا اجلاس بلانے کی کارروائی روک دی گئی

232

اسلام آباد ( رپورٹ: میاں منیر احمد) سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے داخل کرائی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر سینیٹ کا اجلاس بلانے کی کارروائی روک دی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ عدم اعتماد کی 2 الگ الگ تحریکیں داخل کی گئی ہیں
لیکن دونوں پر ارکان کے دستخطوں کی تصدیق چاہیے لہٰذا عدم اعتماد کی تحریک داخل کرانے والے ارکان اپنے دستخطوں سے متعلق وضاحت کریں کہ کون سے عدم اعتماد کی تحریک ان کی جانب سے داخل کرائی گئی ہے ۔اس وقت سینیٹ سیکرٹریٹ کے پاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریکیں داخل کرائی گئی ہیں سینیٹ سیکرٹریٹ بیک وقت دو تحریکوں پر اپنی کارروائی نہیں کر سکتا پارلیمانی پریکٹس میں یہ بات پہلی بار سامنے آئی ہے کہ عدم اعماد کی ایک جیسی دو تحریکیں داخل کی جائیں تو سینیٹ سیکرٹریٹ کس تحریک پر کارروائی کرے گا اور عدم اعتماد کی کون سی تحریک اجلاس بلانے کے بعد اجلاس کی کارروائی کے ایجنڈے کا حصہ بنائی جائے گی سینیٹ سیکرٹریٹ کے ذرائع بتاتے ہیں کہ اگلے ہفتے اس بارے میں سینیٹ سیکرٹریٹ پارلیمانی لیڈرز کے ساتھ ملاقات کرے گا اور نئی صورتحال میں ان کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور اس کے بعد ہی عدم اعتماد کی تحریک کے لیے کارروائی آگے بڑھائی جائے گی واضح رہے کہ اس وقت سینیٹ سیکرٹریٹ کے پاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریکیں داخل کرائی گئی ہیں۔