عمران ٹرمپ ملاقات: اللہ خیر کرے دونوں ایک جیسے ہیں، شیخ رشید

486
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں

 

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 22 جولائی کو ملنے جا رہے ہیں‘ اللہ خیر ہی کرے دونوں کا مزاج ایک جیسا ہے‘مریم نواز نے ن لیگ کو تباہ کر دیا اور جج کی وڈیو کے کیس میں بھی یہ پورس کی ہتھنی ثابت ہو ں گی‘ نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلہ واپس ہوا تو دوسرے کیس میں بھی انہیںسزا ہو جائے گی‘ مبینہ وڈیو مسلم لیگ ن کے گلے پڑ جائے گی‘ چور مچائے شور کی فلم90 دن میں اپنے انجام کو پہنچے گی‘ ایک بادشاہ نے کہا نواز شریف کو جانے دو، لیکن عمران خان نے انکار کردیا‘ ججز ملک میں جمہوریت کو آگے لے کر جائیںگے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں وڈیو کی سیاست ختم ہوگئی‘ ن لیگ کو مریم نواز نے تباہ کیا‘ یہ بتا دیں کہ ایون
فیلڈ فلیٹ کہاں سے آئے؟ شریف خاندان منی ٹریل نہیں دے سکتا‘ ناصر بٹ، ناصر جنجوعہ اور خرم صاحب کبھی بھی آکر ان کے حق میں بیان حلفی نہیں دیں گے‘یہ لوگ پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی عظیم ترین ججز ملک میں موجود ہیں‘ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس سجاد علی شاہ ، جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس فیصل عرب ملک میں جمہوریت کو بھی آگے لے کر جائیں گے اور مجرموں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس بادشاہ نے آکر زور دیا اور عمران خان سے کہا اسے جانے دو‘ اس پر عمران خان نے کہا، ’’ نو وے ایٹ آل‘‘ اور میرا خیال تھا کہ واپس جا کر یہ پیسے نہیں ملنے تاہم شکر ہے اس نے کچھ ارب ڈالرز بھیج ہی دیے کیونکہ اگر درست رقم بتائوں گا تو میڈیا سمجھ جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جتنے لوگ چیخ رہے ہیں ان کا کیس فائنل مراحل میں ہے جو خاموش بیٹھا ہے سمجھ لیں اس کے خلاف کوئی بات نہیں چل رہی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کے اندر بھی 2 گروپ ہیں‘ ایک ڈیل والا اور دوسرا جوڈو کراٹے والا، شہباز شریف اور میری پارٹی ایک ہے‘ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں‘ شہباز شریف کو حمزہ عزیز ہے جبکہ مریم کو نواز شریف، چور مچائے شور کی فلم 90 دن میں اپنے انجام کو پہنچ جائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ولہار اسٹیشن کے قریب افسوسناک حادثہ ہوا‘ ٹرین حادثے میں 24 ہلاکتیں ہوئیں، ایک ماہ میں حادثے کے ذمے داروں کے خلاف فیصلہ کریں گے۔
شیخ رشید