مراد علی شاہ کا دورہ ایران، کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

679

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایران کے دو روزہ دورے کے بعدجمعرات کو واپس کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے دورے کے دوران صوبہ خراسان رضوی کیگورنر جنرل علی رضا رشیدیان کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے اور باہمی تجارت ، سیاحوں اور ثقافتی وفود کے تبادلے اور زرعی و صنعتی اور انجینئرنگ کی ریسرچ کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 9 تا 10 جولائی 2019 ایران کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران وہ مشہد میں مقدس مقامات اور مزارات پر بھی گئے۔ دورے کے دوران انہوں نے خراسان کے گورنر جنرل علی رزم حسینی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت دونوں طرف سے اپنے نجی اور سرکاری شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ اور تمام علاقوں میں اعلیٰ سطح پر سیاحوں کے تبادلوں سمیت دیگر امور پر آمادگی ظاہر کی گئی۔ اس کے علاوہ ثقافت و فنون اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ فوڈ فیسٹیول، پینٹنگ کے حوالے سے ورکشاپ، میوزک اور دیگر فنون کے شعبوں میں تعاون اور فروغ دینے پر بھی آمادگی کا اظہارکیا گیا۔ ایم او یو کے تحت وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر خراسان نے ابتدائی طورپر معاشی تعاون میں اضافے اور اپنی تجارتی ، زرعی ، صنعتی ، انجینئرنگ ، سائنٹیفک اور تحقیقی صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں شرکت کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو خصوصی ترغیبات دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر خراسان سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کے لوگوں بالخصوص سندھ کے لوگوں کو جو کہ مقدس مقامات کی زیارت کے لیے ایران آتے ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ گورنر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ پاکستانی زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر خراسان کو سندھ کے دورے کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کرلی۔ وزیراعلیٰ سندھ امام علی رضا کے روضہ پر بھی گئے انہوں نے مقبرے کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین احمد ماروی سے کو بھی سندھ کے دورے کی دعوت دی جوکہ انہوں نے قبول کرلی۔