لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک رابطے میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق بلاول زرداری اور مریم نواز کے درمیان ہونے والی گفتگو میں نئے چیئرمین سینیٹ کی نامزدگی پر بھی مشاورت کی گئی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور پی پی چیئرمین بلاول زرداری کے درمیان رائیونڈ میں ملاقات بھی ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے جب کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے چیئرمین سینیٹ اکثریتی جماعت مسلم لیگ (ن) سے ہونے کی منظوری دی ہے جس کے بعد راجہ ظفرالحق اور مصدق ملک کے نام سامنے آئے تھے۔تاہم چیئرمین سینیٹ کی نامزدگی کے معاملے پر حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا جس میں نئے چئیرمین سینیٹ کے نام کا اعلان متوقع ہے۔
بلاول مریم رابطہ