لاہور( آن لائن ) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال کیس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سمیت دیگر ملزمان کو آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ سابق وزیراعلی شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق پرنسپل سیکریٹری فوادحسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے
احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ہے۔شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ ان کی کمر میں تکلیف ہے وہ زیادہ دیر نہیں رک سکتے ، شہباز شریف کی جانب سے حاضری لگائے جانے کے بعد واپس جانے کی استدعا کردی۔ عدالت کی طرف سے کہا گیا کہ میاں صاحب آپ بیٹھیں پھر دیکھتے ہیں۔ آشیانہ اقبال کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردارتاریں لگاکر بند کردیا گیا جب کہ پولیس کی اضافی نفری احتساب عدالت کے اندراور باہر تعینات کی گئی۔
آشیانہ کیس/شہباز شریف