عمران خان کو لانے والے بھی پریشان ہیں،بلاول

317

لوئر دیر(صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہاہے کہ عمران خان کو سلیکٹ کرنیوالے بھی پریشان ہیں ملک کس نالائق کے حوالے کردیا ہے،نئے پاکستان سے جان چھڑانی ہے، عمران سن لو ، 18ویں ترمیم اور جمہوریت پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا ، معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا دیا گیا ہے، عوام نے حکومت کے جانے کی دعائیں شروع کر دی ہیں۔انصاف کی بات کرنے والے عمران خان انتقام کی سیاست کررہے ہیں ۔ لوئر دیر میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زردای نے کہا کہ آج بھی ہمارا مقابلہ جمہوریت کے لبادے میں چھپے ہوئے سلیکٹڈ وزیر اعظم سے ہے ، عمران خان انصاف، میڈیا کی آزادی ، عدلیہ کی آزادی کی بات کرتے تھے لیکن آج عدلیہ پر حملہ آور اور میڈیا کا گلا گھونٹ رہے ہیں ۔ ایک سال میں 3 بجٹ لیکر آئے اور پھر بجلی ، دالیں ،پٹرول ، دوائیاں ، جینا اور مرنا مہنگا کردیاہے لیکن خون سستا ہے ۔ بلاول نے کہا کہ پنجاب ، سندھ اور کے پی کوحصہ سے کم پیسہ دیا جارہاہے ، کے پی کو40 ارب روپے کم دیا جارہاہے ، ان 40 ارب سے نئے اسپتال اور اسکول بن سکتے تھے۔ آصف علی زرداری کے دور حکومت میں150فیصد تک تنخواہوں میں اور100فیصد تک پنشن میں اضافہ کیا گیا اور 5سال میں قبائلی علاقوں کے بجٹ میں500فیصد تک اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو کہتا تھا کہ جب میں وزیر اعظم بنوں گا تو سب ٹھیک ہوجائے گا ، لو گ مجھ ایماندار کو اتنا پیسہ دیں گے کہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی لیکن اس وقت اتنا کم ٹیکس اکٹھاہواہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ این ایف سی ایوارڈ پر ڈاکا ڈال کر صوبوں کاحق چھیننا چاہتے ہیں، وہ آئین جس کے لیے ذوالفقار علی بھٹونے پھانسی اور بے نظیر بھٹو نے شہاد ت قبول کی ، عمران خان سن لیں شہیدوں کے خون پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ، میری پارٹی اور خاندان کوجیل بھیج دو لیکن 18ویں ترمیم اورجمہوریت پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔