پیمرا نے 3 ٹی وی چینلز پر غیر معینہ مدت کیلیے پابندی لگادی

149

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیمرا نے 3 بڑے ٹی وی چینلز پر غیر معینہ مدت کیلیے پابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا نے پاکستان کے تین بڑے ٹی وی چینلز کی نشریات پر غیر معینہ مدت کی پابندی عائد کرتے ہوئے ملک بھر میں ان کی نشریات بند کروا دی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ جی نیوز ٹی وی چینلز 24 نیوز، کیپیٹل ٹی وی اور اب تک کی جانب سے پیمرا کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی جس کے بعد ان چینلز کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان تینوں ٹی وی چینلز کی انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے ملک بھر کے کیبل نیٹ ورکس پر ان کے چینل غائب کر دیے گئے ہیں۔ملک بھر میں ان چینلز کی نشریات بند کر دی گئی ہیں۔2 روز قبل پیمرا نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس نشر کرنے والے نیوزچینلز کو نوٹس جاری کیے تھے۔ پیمرا کے ترجمان نے کہا تھا کہ مریم نواز نے عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف پریس کانفرنس کی جسے براہ راست نشر کرنا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر پیمرا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مریم نواز کی پریس کانفرنس براہ راست نشر کرنے والے ٹی وی چینلز کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔ مختلف نیوز چینلز نے مریم نواز کی عدلیہ اور ریاستی اداروں کیخلاف پریس کانفرنس براہ راست دکھائی جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اب پیمرا نے اپنے جاری کردہ نوٹس کے بعد ایکشن بھی لے لیا ہے جبکہ بتایا جا رہا ہے کہ پیمرا نے اپنے قوانین پر سخت سے علمدرآمد کروانا شروع کر دیا ہے۔ اس لیے پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مزید چینلز بھی پابندی کا شکار ہو سکتے ہیں۔