بی آئی ایس پی کو مؤثر اور غیر سیاسی ادارہ بنائینگے،ثانیہ نشتر

196

اسلام آباد (صباح نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن نے بی آئی ایس پی پروگرام میں بہتری لانے کیلیے شفافیت، احتساب اور میرٹ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ بورڈ اور انتظامیہ نے بی آئی ایس پی کو ایک مؤثر ادارہ بنانے کیلیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی بورڈ کے33ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے دوران بورڈ کو وزیر اعظم کے احساس پروگرام اور اس پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی کے سپرد کی جانے والی ذمے داریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیااور مالی سال 2019-20ء کیلیے بجٹ اور بورڈ کی مختلف کمیٹیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات سمیت دیگر ایجنڈا آئٹمز پر تفصیل سے بحث کی گئی۔ سفارشات میں تحفظ پروگرام کا کانسیپٹ نوٹ، وسیلہ تعلیم پروگرام کی توسیع، بچیوں کے وظائف میں اضافے کی تجویز، سماجی تحفظ کیلیے انفارمیشن مینجمنٹ ڈیٹابیس اور پالیسی اور ریسرچ یونٹ کا قیام شامل تھا۔ چیئرپرسن نے بورڈ کو خواتین کے غیر مشروط مالی معاونت پروگرام ’’کفالت‘‘ اور دیگر اہم آپریشنزمیں بہتری کے طریقہ کار کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی بورڈ نے ’’احساس‘‘ کے مقاصد کے حصول کیلیے جدید انتظامی اصولوں اور بہترین تکنیکی و انسانی وسائل کے استعمال سے بی آئی ایس پی کو مؤثر، غیر جانبدار اور غیر سیاسی ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔