اسلام آباد(آن لائن)پولیو ویکسی نیشن سے انکار نے 4 بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کردیاہے،ملک میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں جس سے رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 41 ہو گئی ہے۔وزارت قومی صحت کے مطابق 2 پولیو کیسز خیبر پختونخوا (کے پی) اور 2 بلوچستان سے سامنے آئے ہیں۔بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کی یوسی شاہان پلال کے 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی طرح قلعہ عبداللہ کے علاقے پنج پیرانی کے 9 ماہ کے بچے میں بھی پولیو وائرس پایا گیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کی یونین کونسل حوید کے 30 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسی طرح بنوں ہی کی یوسی جانی خیل کی 1 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو کا شکار 3 بچوں کے والدین نے بچوں کی ویکسی نیشن سے انکار کردیا تھا۔ رواں برس پنجاب سے 3 ،بلوچستان سے 2 پولیو کیس سامنے آ چکے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے 25، قبائلی اضلاع سے 8 پولیو کیس سامنے آ چکے ہیں۔