کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شہر غزنی میں انٹیلی جنس ایجنسی ’این ڈی ایس‘ کے دفتر پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خود کش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں12اہلکاروں سمیت 14افراد ہلاک اور 178زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر غزنی میں واقع نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی (NDS) کے دفتر پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی۔ صوبائی گورنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ 178 زخمی ہیں، زخمیوں میں عام شہری کے علاوہ اسکول کے بچے بھی شامل ہیں جنہیں ملٹری اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں شامل 4 بچوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان خفیہ ایجنسی کے دفتر پر خودکش حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی کے اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جب کہ انہوں نے اسکول کے بچوں کے زخمی ہونے کے کابل حکومت کے موقف کو مسترد کردیا۔