سعودی دارالحکومت ریاض میں فلاحی و سماجی تنظیم نیڈ اینڈ اسٹائل کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ’’میچ میکنگ‘‘ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد والدین کو اپنے بچوں کے لیے بہترین اور مناسب رشتے تلاش کرنے میں آسانی فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نیڈ اینڈ اسٹائل کی چیئر پرسن ساجدہ چودھری نے مہمان خصوصی میمونہ کا استقبال کیا، جس کے بعد سعدیہ نے تلاوت قرآن پاک اور عظمیٰ نے نعت رسول مقبول پیش کرکے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ساجدہ چودھری نے تقریب کے مقاصد کے مطابق تمام خواتین کو ایک دوسرے سے گفتگو کرنے کا کہا اور اسی دوران اپنی معاون مسز غوثیہ جاسم کے پر خلوص تعاون اور خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں تمام خواتین نے اپنا تعارف کرایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافی شاہین جاوید کا کہنا تھا کہ ہم سفر اگر مخلص ہو تو زندگی جنت کا سماں دیتی ہے۔ آج کے جدید دور میں جس طرح چیزوں کا معیار اور مدت متاثر ہوئی ہے، اسی طرح رشتے بھی کھوکھلے اور بے معنی ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ رشتوں کی بنیاد اب محبت ، پیار اور جذبات پر نہیں رہی بلکہ پیسہ، شہرت، انا اور خودغرضی کے باعث رشتوں کی قدر ختم ہوتی جا رہی ہے، تاہم اس کے باوجود معاشرے میں کچھ نفیس لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسروں کی خاطر خود کو فراموش کر دیتے ہیں اور رشتوں کی پاسداری و حفاظت پورے خلوص سے نبھاتے ہیں۔
مہمان خصوصی میمونہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ساجدہ چودھری کی خدمات کو سراہا اور دعا کی کہ اللہ تمام بچوں کے نصیب اچھے کرے۔ بلقیس صفدر نے خطاب میں تقریب کے مقاصد کو سراہا اور دعائیہ کلمات کہے ۔ آخر میں جنرل سیکرٹری فرح، صدف شیراز، عظمیٰ یاسر اور ساجدہ چودھری نے ملی نغمہ گایا، جس کےبعد نیڈ اینڈ اسٹائل کی چیئر پرسن ساجدہ چودھری نے گریا علی ، صدف شیراز ، فاطمہ شنگوانی اور عظمیٰ یاسر سمیت اپنی پوری ٹیم کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا اور حاضرین میں تحائف تقسیم کیے۔