کرکت میں امپائر کی انگلی چلتی ہے، اور جمہوریت میں عوام کی ، بلاول

418

 

ڈیرہ غازی خان(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے غریب کی کمر توڑ دی، امپائر کی انگلی پرناچنے والے وزیراعظم کوعوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں۔ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے عمران خان کیا کیا سبز باغ دکھاتے تھے لیکن ان کا ہر وعدہ اور ہر نعرہ جھوٹا نکلا،یہ کون سا نیا پاکستان ہے جس میں غریب کی زندگی مشکل ہے،ہرکوئی پریشان، کسان بدحال اور مزدور بے بس ہے، مہنگائی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، ہمیں نیا پاکستان نامنظور ہے، قائداعظم کا پاکستان واپس دو۔بلاول کا کہنا
تھا کہ اس ملک پرسلیکٹڈ حکومت مسلط کردی گئی ہے، حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں اور ہرطبقہ اذیت کا شکار ہے،ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی سے دھاندلی زدہ بجٹ پاس کرایا، پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ وزیراعظم نے اپنے ہی بجٹ میں ووٹ نہیں دیا،بجٹ میں چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے ایمنسٹی اسکیم اور عام آدمی کے لیے صرف ٹیکس ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں خیبر پختونخوا کو 40 ارب کم مل رہے ہیں، کٹھ پتلی کو حق نہیں کہ وہ فیصلہ کرے کس کی محنت کا پیسہ کہاں خرچ ہوگا، میں کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کرنے اور عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے نکلا ہوں،امپائرکی انگلی کرکٹ میں چلتی ہے لیکن جمہوریت میں عوام کی انگلی چلتی ہے۔ بلاول نے کہا کہ عمران خان توصرف4 حلقوں کے لیے روتے تھے لیکن عام انتخابات 2018ء میں پورے ملک کے حلقوں سے فارم 45 غائب تھا، قبائلی علاقوں کا الیکشن بتائیگا یہ الیکشن کمیشن ہے یا سلیکشن کمیشن، یہ کس قسم کی آزادی ہے کہ مجھے قبائلی علاقوں میں نہیں جانے دیا جاتا،دہشت گردوں کے سہولت کار آج کابینہ میں بیٹھے ہیں اور جس نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اس کا انٹرویو بھی نہیں چل سکتا۔