کوئی طاقت آئین کی حکمرانی سے نہیں روک سکتی،آصف زرداری

196

اسلام آباد (آن لائن )سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمیں آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے اصول سے نہیں ہٹا سکتی ۔اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا ہے 5 جولائی تاریخ کا سیاہ دن ہے جس نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا اس دن نہ صرف آئین سے انحراف کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا بلکہ معاشرے میں لسانی وفرقہ ورانہ تعصب کے ساتھ کلاشنکوف کلچر اورہیروئن کی لعنت اور عدم برداشت کے زہر کو فروغ دیا گیا۔آصف علی زرداری نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی نے اتحادیوں کی مدد سے 1973 کے آئین کو تو بحال کیا مگر اس سوچ کو شکست دینا ابھی باقی ہے جس سوچ کو جمہوریت سے پر خاش ہے۔ اس سوچ کوجو عدم برداشت اور انتہا پسندی کو جنم دیتی ہے کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ غیر جمہوری عناصر کے پاس صرف الزام تراشی کا ہتھیار ہوتا ہے تاکہ جمہوری سوچ کو دبایا جائے،آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن جمہوریت پسندوں کو اس عزم کی تجدید کرنی ہوگی کہ وہ ائین کی حکمرانی اور بااختیار پارلیمنٹ کے اصول پر ثابت قدم رہیں گے۔