اسلام آباد(آن لائن)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی قیدیوں کے پروڈکشن آرڈ میں ترمیم غیرآئینی ہوگی۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے اپنے بیان میں کہاکہ پارلیمنٹ کو پروڈکشن آرڈر کا اختیار آئین پاکستان دیتا ہے،پارلیمنٹ کا اختیار ایگزیکٹو کی جانب سے واپس لیا جا سکتا ہے نہ اس میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ ایگزیکٹو کی جانب سے ایسی کوشش پارلیمنٹ کی حدود میں مداخلت ہو گی، پروڈکشن آرڈر کا اجراء آئین کے تحت رکن پارلیمنٹ کا حق ہے، ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری پاکستان میں معمول ہے، اسے پارٹی وفاداری تبدیل کرنے، اہم ووٹ ڈالنے سے روکنے کے لیے استعمال کیا گیا ، اس عمل کو روکنے کے لیے 1963ء میں ارکان کو حراست سے استثنا اور ذاتی حاضری کا آرڈیننس جاری کیا گیا۔