منشیات کے دھندے کرنے والوں سے رعایت نہیںہوگی، مراد سعید

208

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ جتنا مرضی شور مچالیں، چوروں، لٹیروں اور منشیات کے دھندے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، کراچی سے خیبر تک سیاست، حکومت اور معیشت آلودہ کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے، اداروں کو دھمکانے کی اجازت دیں گے نہ ہی جمہوریت کے نام پر بلیک میلنگ گوارا کریں گے، سوچا تھا پرچی والا چیئرمین قوم سے اپنے والد کے سیاہ کارناموں پر معافی مانگے گا، لیکن یہ اپنے والد کے جرائم پر شرمندہ ہونے کے بجائے
حادثاتی پاناما کوئین کا اتحادی اور منشیات کے دھندے میں منہ کالا کرنے والے کا وکیل بن گیا ہے، ہمیشہ کی طرح چارسدہ کا یہ جلسہ بھی حادثاتی چیئرمین کیلیے سیاسی شرمندگی کا سامان کرگیا۔ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے جلسے سے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہم خوش فہمی میں مبتلا ہوگئے کہ حادثاتی چیئرمین امریکیوں کے ساتھ ملکر قبائلی عوام پر ڈرون حملوں کی شکل میں موت کی بارش کرنے پر ندامت کا اظہار کرے گا، یہ بھی خوش فہمی تھی کہ پرچی والا چیئرمین قبائلی عوام سے سچ بولے گا کہ حکومت ان کی دیکھ بھال پر محنت کر رہی ہے لیکن حادثاتی چیئرمین نے جان بوجھ کر یہ بات چھپا لی کہ حکومت 162 ارب ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی پر صرف کرنے جارہی ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ آئی ایم ایف پر تنقید کرنے والے حادثاتی چیئرمین کی جماعت نے 6 مرتبہ آئی ایم ایف کی دہلیز پر سجدہ کیا، قوم کو آئی ایم ایف کے سامنے گروی رکھ کر حادثاتی چیئرمین کے والد نے مالِ حرام اکھٹا کرنے کے ریکارڈ قائم کیے۔ حادثاتی چیئرمین والد کی لوٹ مار بچانے کیلیے فاٹا کے پختونخوا میں انضمام کے سب سے بڑے مخالف مولوی کے ہاتھ پر بیعت کرچکا ہے۔ پختونخوا کے عوام جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو ایڈز کا گڑھ بنا دیا ہے، تھر کو موت کی وادی اور کراچی کو کوڑے کا ڈھیر بنا ڈالا ہے، ان کی جماعت کے کالے کرتوتوں پر عدالت عظمیٰ کے جج کہنے پر مجبور ہیں کہ سندھ کرپٹ ترین صوبہ ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ پختونخوا کی پوری آبادی کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے بہترین علاج کی انشورنس دے دی گئی ہے،جتنا مرضی شور مچالیں، چوروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
مراد سعید