پاکستان کل ورلڈکپ میں لیگ کاآخری میچ کھیلنے کیلئے تیار

321

لندن(جسارت نیوز)پاکستان کی ٹیم بارہویں آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا نواں اور آخری میچ کل بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر لندن میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کیلیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلیے زبردست جنگ جاری ہے، میگا ایونٹ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف تیزی کے ساتھ گامزن ہے۔شائقین کرکٹ کو میگا ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں سے بہت خوش نظر آرہے ہیں۔ پاکستان کی بنگلا دیش سے جیت قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا سکتی ہے۔ پاکستان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلا دیش کے خلاف پانچ جولائی کو ہونے والے میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اور پھر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ کے نتیجہ پر انحصار کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم آٹھ میچز کھیل کر ٹیبل پر 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم میگا ایونٹ کی سیمی فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے کیونکہ بنگلہ دیش کی ٹیم آٹھ میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔