لاہور(جسار ت نیوز) پی سی بی کو پی ایس ایل فرنچائزز کی بینک گارنٹی کی فکر ستانے لگی، ابھی سے یاددہانی کے خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں جب کہ چوتھے ایڈیشن کے حسابات تاحال فائنل نہیں ہو سکے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ فرنچائزز کو بینک گارنٹی کیلیے خطوط جاری کر دیے ہیں، عام طور پر ایونٹ سے6ماہ قبل فیس کے مساوی رقم کی ضمانت جمع کرانا پڑتی ہے،ذرائع نے بتایا کہ یاد دہانی کا مقصد وقت پرگارنٹیز کا حصول ہے، عموما ہر سال فرنچائزز اس حوالے سے ڈیڈ لائن پوری نہیں کر پاتیں،مکمل ادائیگی نومبر میں کرنا ہوتی ہے۔ادھر پی ایس ایل فور ختم ہوئے تقریبا چار ماہ ہونے والے ہیں تاہم ابھی تک حسابات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی،2 فرنچائزز کی جانب سے تاحال مکمل ادائیگیاں نہ کرنا بھی اس کی ایک وجہ ہے۔گزشتہ دنوں جب بعض ٹیموں نے بورڈ کو ای میل بھیج کر سینٹرل پول سے حصے کی بابت پوچھا تو انھیں بتایا گیا کہ5 مئی کو واجب الادا پہلی قسط کی رقم اخراجات میں سے منہا کر لی گئی ہے۔ ان میں فرنچائزز کے ہوٹل کا کرایہ،ٹریولنگ و دیگر شامل ہیں، مکمل حساب کتاب کے بعد بتایا جائے گا کہ کسے مزید ادائیگی کرنا ہے اور کس کی رقم بقایاجات میں ہی مکمل ہو گئی۔معاہدے کے تحت بورڈ کو سینٹرل پول کا دوسرا حصہ5 جولائی اور فائنل ادائیگی دسمبر میں کرنا ہے، اعلی حکام کی بیرون ملک مصروفیات کی وجہ سے تاحال گورننگ کونسل کا اجلاس طلب نہیں کیا جا سکا جس میں پی سی بی فائنل اکائونٹس پیش کرے گا۔
کوپا امریکا فٹ بال کپ میزبان برازیل کی ٹیم فائنل میں
ریو ڈی جنیرو( وائس آف ایشیا)میزبان برازیل کی ٹیم کوپا امریکا فٹ بال کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ برازیل نے کوپا امریکا فٹ بال کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹائن کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ برازیل ٹیم کے گبریلا فرنینڈو ڈی جیسس اور روبرٹو فیرمینو نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔