این ایل ایف کے وفد کی سیکرٹری ایچ آر ڈی لیبر سے ملاقات

235

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی کی سربراہی میں مزدور یونینز کے ایک وفد نے سیکرٹری ایچ آر ڈی ( لیبر) سے ملاقات کی وفد میں ای او بی آئی فیڈریشن(سی بی اے) ، این ایل ایف وسطی پنجاب کے صدر میاں تجمل حسین، آئیسکو لیبر یونٹی اور این ایل ایف شمالی پنجاب کے صدر عاشق خان بھی شامل تھے۔ منگل کوہونے والی اس ملاقات میں وفد نے انہیں اس بات پر خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے غریب بیوائوں اور معذور پنشنرز کے 5 ارب روپے اسٹاک مارکیٹ کے جوئے میں جھونکنے سے انکار کیا ۔وفد نے انہیں ای او بی آئی اور ورکرز فنڈز میں ہونے والی بدعنوانیوں اور ای او بی آئی کی طرف سے صنعتی و کاروباری اداروں کے ملازمین کی عدم رجسٹریشن سے آگاہ کیا۔وفد نے ای او بی آئی کے میگا اسیکنڈل کی پیروی پر زور دیا ،یہ کیس 6 سال سے عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے، ای او بی آئی کے ادارے پرائما کو تحلیل کرنے اور غیر منافع بخش سرمایہ کاری نہ کرنے،ای او بی آئی کی بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو پر زور دیا، وفد نے پنشنرز سے متعلق تمام معلومات ویب سائٹ پر ڈالنے اور مقامی سطح پر پنشنرز کے لیے آسانی پیدا کرنے کابھی مطالبہ کیا ورکرز ویلفیئر فنڈز سے ڈیتھ گرانٹ،میرج گرانٹ اور تعلیمی وظائف کی ادائیگی آسان بنانے اور این آئی آر سی میں زیر التوا مقدمات کی جلد سماعت اور این آئی آر سی کو مکمل کرنے کامطالبہ کیا۔وفد نے کہا کہ اس دارے میں مالکان کی شنوائی ہوتی ہے جبکہ مزدوروں کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی یہ امر باعث تشویش ہے۔ ملاقات میں غیر منظم مزدوروں کے حقوق اور انہیں تحفظ دینے کے لیے رجسٹرڈ کرنے ، کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے تمام ضروری حفاظتی آلات فراہم کرنے اور ای او بی آئی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی مطالبہ کیاگیا۔