بنگلا دیش کیخلاف میچ میں محمد حفیظ کی شرکت مشکوک

184

مسلسل ناقص کارکردگی پرسینئر بیٹسمین کو ڈراپ کر کے آصف علی یا پھر شعیب ملک کو کھلائے جانے کا امکان
لندن (جسارت نیوز)بنگلا دیش کیخلاف ڈو اور ڈائی میچ کے لیے پروفیسر کے نام سے مشہور کھلاڑی محمد حفیظ کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آل رائونڈر کی کارکردگی میں تسلسل نہیں جو ٹیم مینجمنٹ کیلئے درد سر کا باعث بنی ہوئی ہے۔ محمد حفیظ نے 4میچز کے دوران مایوس کن کارکردگی دکھائی۔ تین میچز میں پارٹ ٹائم بولرز کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے اور ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا جبکہ افغانستان کیخلاف میچ میں بھی غیر ذمے دارانہ شارٹس کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔اطلاعات ہیں کہ سینئر بیٹسمین کو ڈراپ کر کے آصف علی یا پھر شعیب ملک کو کھلایا جائے، پارٹ ٹائم بولنگ کی وجہ سے شعیب ملک کو کھلانے کی اطلاعات ہیں۔دوسری طرف قومی ٹیم کیلئے ایک اور بری خبر ہے کہ وہاب ریاض بھی بنگلا دیش کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے، وہاب کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے۔ ان کی انجری کی نوعیت سنجیدہ بتائی جا رہی ہے۔ فاسٹ بولر نے انگلی زخمی ہوانے کے باوجود افغانستان کیخلاف فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بنگلہ دیش کیخلاف اگر پلینگ الیون میں شامل نہ ہوئے تو ان کی جگہ حسن علی یا محمد حسنین کو کھلایا جا سکتا ہے۔