بھارت کی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ چاہل نے اپنے نام کرلیا

215

برمنگھم ( وائس آف ایشیا) انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ میں جہاں بھارتی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا وہیں اسپنر یزویندر چاہل نے بھارتی کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
انگلینڈ نے برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو کے ساتھ ساتھ بین اسٹوکس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارتی باولرز کی خوب خبر لی۔ ایونٹ کے دوران اب تک بھارتی اسپنرز اپنی ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوئے ہیں تاہم انگلینڈ نے اپنے حریف کے انہی دونوں باؤلرز کی سب سے زیادہ درگت بنائی۔میچ میں انگلش باؤلرز نے سب سے زیادہ بھارتی اسپنر یزویندر چاہل کو تختہ مشق بنایا اور ان کے 10 اوور میں 88 رنز بٹورے۔

آئی سی سی بھارت کیخلاف میچ فکسنگ کی
تحقیقات کرے،معروف صحافی کا مطالبہ
برمنگھم( جسارت نیوز) انگلینڈ نے گزشتہ روز بھارت کو 31 رنز سے شکست دے دی ہے جس کے بعد پوری بھارتی ٹیم کو مختلف قسم کے رد عمل کا سامنا ہے تاہم اس پر اب ایک نجی ٹی وی چینل کے صحافی بھی میدان میں آ گئے ہیں جنہو ں نے آئی سی سی سے بھارت کی اس ’’میچ فکسنگ ‘‘ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان اسی وقت ہے جب انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے آخری میچ میں ایک میچ میں شکست ہو اور اگر وہ جیت جاتی ہے تو وہ سیدھی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی تاہم گزشتہ روز کے میچ کے بارے میں سکندر بخت نے پیشگوئی کی تھی کہ بھارت جان بوجھ کر یہ میچ ہار جائے گا ،یہ ان کا اپنا نقطہ نظر تھا۔اس معاملے پر ایک نجی ٹی وی کے لندن میں موجود صحافی مرتضی علی شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی سی سی کو انگلینڈ کے خلاف بھارت کی مشکوک شکست پر تحقیقات کرنی چاہیئیں کیوں کہ یہ سیدھا سادھا میچ فکسنگ کامعاملہ ہے،اس میچ میں سپاٹ فکسنگ نہیں ہوئی بلکہ پورا میچ ہی فکس کیا گیا،پوری ٹیم نے ایک مخصوص مقصد کے لیے یہ میچ ہارنے کا پلان بنایا،اگر آئی سی سی نے بھارت کی اس بری کاکردگی کی تحقیقات نہ کیں تو وہ اپنی اخلاقی اتھارٹی کھو بیٹھے گا‘‘۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا ابھی بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ باقی ہے جس میں کامیابی ضروری ہے تاہم اگر انگلینڈ اپنا اگلا میچ بھی جیت جاتاہے توہ سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور پاکستان کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔

کوپا امریکہ فٹ بال کپ سیمی فائنل مرحلے کا آغازآج ہو گا
پہلے سیمی فائنل میں برازیل کو ارجنٹائن کا چیلنج درپیش ہو گا
ریوڈی جنیرو (اے پی پی) کوپا امریکہ فٹ بال کپ سیمی فائنل مرحلے کا آغاز (آج) منگل سے ہو گا، پہلے سیمی فائنل میں میزبان برازیل کو ارجنٹائن کا چیلنج درپیش ہو گا۔ برازیل میں جاری ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے اور چار ٹاپ ٹیموں برازیل، ارجنٹائن، چلی اور پیرو نے شاندار کھیل کی بدولت سیمی فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل آج منگل کو برازیل اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کل بدھ کو چلی اور پیرو کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 7 جولائی کو کھیلا جائے گا۔