فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمود ،نائب صدور محمدآصف عطا،محمدسلیم انصاری، سلطان ڈوگر،فاروق موسی،ملک اسامہ نذیراوردیگرنے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے نو منتخب امیر صوبہ محمد جاوید قصوری سے ملاقات کی اور تقرری پر انہیں مبارک باد اور استقامت کی دعا دی۔رہنمائوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ غلبہ دین کیلیے دینی سیاسی و سماجی محاذ پر صدق دل سے جدوجہد کی ہے اور اس اعلیٰ مقصد کے حصول کیلیے امانت و دیانت اور سیرت و کردار کو اہمیت دی ہے۔ہم نے اپنے طور پراور اتحادوںمیں ہمیشہ اسی اصول کو برقرار رکھا ہے۔اتحادوں کی سیاست میں مفید تجربات کے ساتھ تلخ حقائق نے دینی و نظریاتی کارکنوں کو بری طرح متاثر کیا ہے،اس لیے جماعت اسلامی کی اپنی فطری ضرورت ہے کہ اس نے اپنے بیانیہ ، منشور،پرچم اور ترازوکے نشان کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیاہے۔مزیدبرآں ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا کہ آئی ایم ایف کے ذریعے اسلام وپاکستان دشمن عالمی استعماری قوتوں کا واضح معاشی گیم پلان ہے،پاکستان کی آزادی،مسئلہ کشمیر سے دستبرداری ، پاک چائنہ اقتصادی راہداری اور ایٹمی صلاحیت دشمن کا اصل ہدف ہے۔معاشی بحرانوں سے مقابلہ اورمعاشی استحکام کیلیے سیاسی استحکام ناگزیرہے۔مہنگائی،بے روز گاری،افراط زر اور پیداواری لاگت میں ہوشربا اضافہ اب ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔حکومت بحرانوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔عمران خان مزاجاًاور طبعاً مزاحمتی شخصیت ہیں انہیں حالات کی سنگینی کا ادراک نہیں،ان کے پاس اہل ٹیم نہیں جبکہ خود انحصاری کے لیے بااعتماد دیانتدار ٹیم قومی ضرورت ہے۔