فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 117کے امیر عمران رشید،نائب امیر محمدسلیم سلیم انصاری،کامران مگوں،چودھری عبدالغفوراور رانا محمد اقرار ودیگرنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن بننے کی سہولت دینا نظریہ پاکستان اور کشمیر پر متفقہ قومی پالیسی سے سراسر انحراف اور کشمیریوں کے خون سے غداری ہے ۔بھارت جارحیت پسند اور عالمی دہشت گرد ملک ہے۔مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ اس کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ متعدد مرتبہ جارحیت کی ہے۔بھارت 1971میں عالمی بارڈر عبور کرکے مشرقی پاکستا ن پر حملہ آور ہوا اور جبر و جارحیت کے ساتھ پاکستان کو دولخت کیا۔بھارت اپنی تمام اقلیتوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک روا رکھے ہوئے ہے۔ گائے ذبح کرنے کے الزامات لگا کر مسلمانوں کو ذبح کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے بھیانک ریکارڈ اور اندھی دشمنی رکھنے والے ملک کے ممبر نہ بنانے پر ہمیں دنیا کو قائل کرناچاہیے تھا لیکن عالمی ایجنڈے پر عمل پیرا ہمارے جلد باز اور عقل و خرد سے بے بہرہ حکمرانوں نے پارلیمنٹ سے مشاورت سے بالا بالا بھارت کو بیل آئوٹ کردیا ہے۔ حکومت کا یہ اقدام بھارت کے جارحانہ اقدامات کی عملاً تائید ہے۔