وزیر اعظم کے ساتھ مراد علی شاہ کو بھی سلیکٹیڈ وزیر اعلیٰ کہنا ہوگا

253

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ بلاول زرداری عمران خان کو سلیکٹیڈ وزیر اعظم کے ساتھ مراد علی شاہ کو بھی سلیکٹیڈ وزیر اعلیٰ کہنا ہوگا۔ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، مہنگائی کا بم عوام کے اوپر گرایا گیا ہے۔ عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کرپٹ افراد کیخلاف کاروائی کرکے ان سے ملک کی لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائوں گا لیکن ابھی تک کچھ بھی نہیں ہوا۔ ہنگورجہ کے قریب گائوں ملھیرانی سولنگی میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنما فقیر ہمت علی سولنگی کے انتقال پر ان کے ورثا سے تعزیت کرنے کے بعد ایس ٹی پی رہنما ڈاکٹر ذاکر سولنگی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی نے حکومت سندھ کے تمام اداروں کو تباہ کردیا ہے۔ کرپشن کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، پی پی پی کی حکومت میں تعلیم اور صحت کا برا حال ہے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ گھوٹکی کے ضمنی انتخابات میں سندھ ترقی پسند پارٹی نے کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کی۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔