حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے وفاقی حکومت کی بجٹ کی کامیابی پر اراکین اسمبلی اور ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام نے کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے ملک سے باہر بھیجی گئی رقم کی واپسی اور کرپٹ سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کا احتساب کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور اسی مینڈیٹ کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت بلاتفریق کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کررہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک کو نہ صرف کرپٹ عناصر سے پاک کردیا جائے گا بلکہ اس ملک میں کرپشن بھی گالی بن جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ آج جو ملکی صورتحال ہے اس کی بنیادی وجہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی حکومتوں کی بدعنوانیاں اور منی لانڈرنگ ہے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ جن لوگوں پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں اور ان کے مقدمات نیب کی عدالتوں میں چل رہے ہیں وہ بھی پی ٹی آئی کی حکومت کیخلاف باتیں کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ اُن کا دور کامیابی کا دور تھا جبکہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل کردہ دولت کو لوٹ کر بیرون ملک بھیجا اور اپنے اثاثے بنائے۔ اب جبکہ وہ عوام میں بے نقاب ہوچکے ہیں اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے الزام در الزام کی سیاست کررہے ہیں لیکن اب اُن کی یہ منفی سیاست نہیں چل سکے گی انہیں جلد ہی اپنے کیے کی سزا بھگتنا ہوگی۔