بے نظیربھٹو کی 66 ویں سالگرہ پر تقریب

901

پاکستان پیپلز پارٹی (جدہ، سعودی عرب) کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹوشہید کی 66 ویں سالگرہ کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت مقامی صدر چودھری تصور حسین نے کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی رہنما اسد اکرم تھے جبکہ اعزازی مہمانوں میں مقامی سینئر نائب صدرملک جاوید حسین اور جدہ سٹی کے صدر راجا اعجاز حسین جنجوعہ شامل تھے۔
ننھے قاری خلیل احمد نے تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا، جس کے بعد ناظم تقریب آفتاب ترابی نے نعت کے اشعار سامعین کی سماعتوں کی نذر کیے۔ پی پی پی جدہ کے سیکرٹری جنرل خلیل احمد عبدالعزیز نے بینظیر بھٹو کے نام چند اشعار پیش کیے، جس کے بعد انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹو ازم کے نفاذ، جمہوری فلاحی ریاست کے قیام، انصاف ومساوات پر مبنی پُرامن معاشرے کے قیام کے لی۷ے شہید بی بی کی جدوجہد، ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رکھیں گے۔
اے این پی کے رہنما نوشیروان خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر یکساں مقبول تھیں۔ وہ ذہین اور بہادر خاتون تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔
مہمان خصوصی اسد اکرم نے کہا بے نظیر بھٹو نے دسمبر1988ء میں پاکستان اور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا، لیکن ان کی حکومت کا تختہ جلد ہی اُلٹ دیا گیا۔ محترمہ کو پاکستان کی 2 مرتبہ خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا بے نظیر بھٹو، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی صرف بیٹی نہیں بلکہ بہترین سیاسی شاگرد بھی تھیں۔ آج اگرمحترمہ زندہ ہوتیں تو ملک کا نقشہ کچھ اور ہوتا۔ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنوں کو محترمہ کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔
تصور حسین چودھری نے اپنے صدارتی خطاب میں نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان، عالم اسلام اور تیسری دنیا کی عظیم رہنما تھیں۔ انہوں نےاپنے ملک کے لیے جان قربان کی ۔ موجودہ حکومت کی جانب سے بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کو تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی جیالا زندہ ہے، بھٹو کا نام زندہ رہے گا۔
تقریب میں موجود دیگر مقرین نے محترمہ کی جدو جہد اور سیاسی بصیرت کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکا میں پی وائی او کے سینئر نائب صدر راجا صدام، چودھری اکرام اللہ قلی، علی اصغر، پی وائی او کے سینئر نائب صدر گلف خالد گجر، سینئر رکن سید فضل عباس شاہ، ملک جاوید حسین، راجا اعجازحسین جنجوعہ شامل تھے۔ شاعر زمرد خاں سیفی نے منظوم خراج ِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں عشائیے کا اہتمام اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
سعودی عرب میں پہلی ایسوسی ایشن آف پائلٹس کے قیام کی منظوری

لیبر اینڈ سوشل ڈیولپمنٹ (ایم ایل ایس ڈی) اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے سعودی عرب میں پہلی پیشہ ورانہ ایسوسی ایشن آف پائلٹس کے قیام کی منظوری دےدی ہے، جو جنرل ایڈ منسٹریشن آف این جی او میں رجسٹرڈ ہوگی اور اس کا ہیڈ کوارٹر جدہ میں ہوگا۔ کیپٹن عبدالعزیز بن ابوالخیر الخیاط کوایسوسی ایشن کا صدر، ڈاکٹر احمد بن سعد الفرح کو نائب صدر اور کیپٹن پائلٹ بین بشیر فلاتا کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر طارق بن علی فدق، کپتان پائلٹ حشام بن عبداللہ زار، کیپٹن پائلٹ احمد بن شیہات مفتی، میجر جنرل حماد بن عبدالرحمٰن الحسون، کپتان ڈاکٹر عصام بن عبداللہ دانش، سليمان بن صالح الراجیحی اور میجر جنرل ڈاکٹر ایم مصطفی جہنی بانی بورڈ ممبر ہوں گے۔
جنرل سیکرٹری کیپٹن فلاتا کے مطابق پائلٹ ایسوسی ایشن جدہ میں جلد اپنا آپریشن شروع کرے گی۔ ایسوسی ایشن کے قیام کا سب سے اہم مقصد یہ ہے کہ سعودی عرب میں پائلٹس اور ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ، تکنیکی اور انتظامی تعلیم و تربیت ہو۔

سراج آدمجی کے صاحبزادے کا نکاح
گزشتہ دنوں جدہ میں مقیم انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن (آئی ایم او) اور میمن ویلفیئر سوسائٹی سعودی عرب (ماسا) کے سرگرم رکن سراج آدمجی کے صاحبزادے سعود آدمجی کا نکاح الیاس باوانی کی صاحبزادی ہوا۔ اس حوالے سے پُروقار تقریب حرم مکی شریف میں شیخ ابو محمد نے انجام دی، جس کے بعد دُلہا کے دادا آدم جی احمد بیگا والا نے جدہ میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں عزیز و اقارب کے علاوہ شہر کی ممتاز شخصیات اوردوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔