عوامی مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں،نورحسین اراکانی

350

کراچی ( پ ر ) پاکستان برمیز ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر نور حسین اراکانی نے اپنے دفتر میں ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے تحت سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں ہونے والے کراچی عوامی مارچ کی بھرپور طریقے سے حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور کراچی میں آباد برمی باشندگان کراچی عوامی مارچ میں بھرپور طریقے سے شرکت کر کے کراچی کے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی اور مہنگائی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔نور حسین اراکانی نے کہا کہ ارکان آباد سمیت کراچی کی تمام مضافاتی بستیاں پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہیں اور ٹینکر مافیا نے واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے کراچی کو کربلا بنا دیا ہے ۔کراچی میں آباد ہزاروں کی تعداد میں برمی روہنگیا باشندے عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور پوری قوت کے ساتھ کراچی کے حقوق کیلیے کی جانے والی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کی جائے گی ۔